تحریک انصاف نے زرداری کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر کردیا

کراچی/اسلام آباد (نمائند ہ خصوصی/ مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نااہلی ریفرنس صوبائی الیکشن کمیشن کراچی میں جمع کرادیا ہے۔ تحریک انصاف نے سابق صدر اور شریک چیئرمین پی پی پی آصف زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست جمع کرادی ہے، پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے درخواست صوبائی الیکشن کمیشن آفس کراچی میں جمع کرائی۔خرم شیر زمان تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ سابق صدر اور شریک چیئرمین پی پی پی آصف زرداری کے خلاف نااہلی درخواست جمع کروانے کراچی میں الیکشن کمیشن کےدفتر پہنچے۔الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا کہ درخواست سیکریٹری الیکشن کمیشن کو آپ نے خود جمع کرانا ہوگی، جس پر رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ لکھ کر دے دیں۔ الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا کہ آپ بلاوجہ اس معاملے کو پیچیدہ بنا رہے ہیں، قانونی افسر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس معاملے پر عدالتی کارروائی کا اختیار اسلام آباد کے پاس ہے اور درخواست سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام پر لکھی جائے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے اصرار پر الیکشن کمیشن درخواست اسلام آباد بھیجنے پر تیار ہوگیا، الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صرف اس درخواست کو اسلام آباد روانہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق ریفرنس میں آصف زرداری کے امریکا میں اپارٹمنٹ چھپانے کو جواز بنایا جائے گا، ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے گوشواروں میں یہ اپارٹمنٹ ظاہر نہیں کیا، آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت تمام اثاثے ظاہرکرنا لازم ہے ،لہذا اثاثے چھپانے پر آصف زرداری رکن اسمبلی رہنے کے اہل نہیں۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی نے عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما فیصل وائو ڈا کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی ۔پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے عمران خان اور واوڈا کے اثاثوں اور انتخابی اخراجات کی تفصیلات مانگی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر سے علیمہ خان کی جائیداد کی تفصیلات اور منی ٹریل بھی مانگی ہیں ۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ایس ای سی پی میں دائر درخواست میں جہانگیر ترین کے بے نامی اکاونٹس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment