کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بورڈ آف انکوائری نے اسلام آباد ائیرپورٹ کے بورڈنگ برج کے انہدام کی تحقیقاتی رپورٹ ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کو پیش کر دی ۔ڈائریکٹر جنرل رپورٹ کی سفارشات پر گرنے والے پل کی ٹھیکیدار کمپنی کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی بغیر اضافی معاوضے کے پل کو دوبارہ تعمیر کرے۔ اور حادثے کے ذمہ دار سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے ۔ انکوائری کمیٹی نے ٹھیکیدار کمپنی کے ڈیفیکٹ لائبلیٹی پیریڈ میں بھی ایک سال توسیع کی سفارش کی ہے تاکہ وہ ائیرپورٹ پر فراہم کردہ خدمات اور سازو سامان میں نقائص اور کمی کو اپنے ذرائع سے پورا کرے۔انکوائری کمیٹی نے ائیرپورٹ کے منصوبے کے ڈیزائن کنسلٹنٹ کی کارکردگی پر بھی مایوسی کا اظہار کیا اور اس کے خلاف معاہدے کے مطابق کارروائی کی سفارش کی ۔ کمیٹی نے یہ بھی تجویز دی کہ ملک کے تمام ائیرپورٹس کے بورڈنگ برجز کا ازسرنو معائنہ کرایا جائے۔