کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں اینٹی نارکوٹکس فورس (سندھ) کی جانب سے منشیات نذرآتش کرنے کی تقریب کااہتمام کیاگیا۔جس کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز تھے۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے اے این ایف سندھ کی انسدادِ منشیات کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قومی ادارہ، اے این ایف نے ہمیشہ اپنے اقدامات کے ذریعے منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف نہ صرف کاروائیاں کیں بلکہ اسکی روک تھام کے لئے دوسرے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ بھی کام کر رہے ہیں، خدمات قابل تعریف ہیں۔ تقریب میں فورس کمانڈر اے این ایف سندھ بریگیڈیر منصور احمد نے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کا استقبال کیا۔وزیرِ ایکسائز مکیش چاولہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والےافراد جن میں حاضر سروس اورریٹائرڈ آرمی،رینجرز، اے این ایف، پولیس اور سول افسروں ، طالبعلموں، تاجروں اور سماجی حلقوں سے وابستہ مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے مختلف ٹیبلوز کے ذریعے انسدادِ منشیات کا پیغام دیا۔ آخر میں مہمانِ خصوصی کور کمانڈر کراچی نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ 7231کلو گرام منشیات تلف کیں جواے این ایف اور پاکستان کوسٹ گارڈ نے برآمد کیں۔