کراچی ( اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد اسپتال میں 2 گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی غائب ہونے سےمریضوں کومشکلات سےدوچار کردیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے ماتحت سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اسپتال میں جمعہ کی سہ پہر بجلی کے بریک ڈاؤن سے اسپتال میں داخل مریضوں اور طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دو گھنٹے سے زائد تک اسپتال میں بجلی کی بندش سے گائنی وارڈ، پیڈزوارڈ اورشعبہ امراض قلب کے علاوہ ڈائلیسس سینٹرکے مریض سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں بجلی کی متبادل فراہمی کیلئے لاکھوں روپے مالیت کا ہیوی جنریٹر موجود ہے تاہم گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے خراب ہے اور اس دوران تعینات رہنے والے کسی بھی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے جنریٹر کی مرمت کرانے میں دلچسپی نہیں لی جس کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کا جنریٹر کے پیٹرول کی مد میں رکھا گیا بجٹ لیپس ہو گیا تھا جبکہ اس دوران متعدد بار بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں و طبی عملے کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے میڈیکل سپرنٹنڈٹ لیاقت آباد اسپتال ڈاکٹر خادم حسین قریشی نے امت کو بتایا کہ انہوں نے دو یوم قبل ہی چارج سنبھالا ہے اور وہ ترجیحی بنیادوں جنریٹر کی مرمت کرائیں گے تاکہ مریضوں کو کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔