جے یو آئی نے 2 رہنماؤں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان اورضلعی امیر مولانا عمر صادق نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا نصیب مینگل اور مولانا سیف اللہ کو فی الفور بازیاب کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بصورت دیگر جے یو آئی راست اقدام پر مجبور ہوگی ۔دینی ادارے ،چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے قانون شکن ہیں۔ پریس کلب میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ علما اور دینی ادارے آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دین اسلام کی اشاعت میں مصروف ہیں ۔کسی بھی دینی ادارے کے خلاف اقدام ناقابل برداشت ہے ۔مولانا نصیب مینگل جے یو آئی کے سرگرم رہنما اور جامعہ منبع العلوم منگھو پیر کے بانی ومہتمم ہیں جب کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے مکاتب ،مدارس کے سرپرست کا لاپتہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلسل متعلقہ انتظامیہ سے رابطے کے باوجود پولیس کسی قسم کی معلومات دینے کو تیار نہیں ۔مذکورہ دونوں رہنماؤں کے خاندان کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر کردی گئی ہے ۔اس موقع پر جے یو آئی غربی کے جنرل سیکریٹری سید اکبر شاہ ہاشمی ،ڈاکٹر نصیر الدین سواتی ،حاجی محمد طاہر انصاری ،حافظ محمد نعیم ،سلیم انجینئر ،قاری سیلمان بلوچ ودیگر موجود تھے ۔

Comments (0)
Add Comment