حب (رپورٹ/عبدالغنی رند) حب میں صفائی ستھرائی کا نظام تباہ ہو گیا، گندگی کے انبار لگ گئے،گٹر کا پانی گھروں میں داخل ہونے لگا ، شہریوں کا گزرنا وبال بن گیا۔ صنعتی شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ گندگی کے ڈھیرکے باعث لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔حب کے علاقوں چیزل آباد ، اکرم کالونی ، آلہ باد ٹاون ، زہری اسٹریٹ، بالاچ محلہ ، مدینہ کالونی ، جام کالونی عدالت روڈ میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ شہر کے زیادہ تر علاقوں میں سیوریج اور گٹر نالے موجود ہی نہیں ہیں۔ حب کے شہریوں نے میڈیا کو بتایا کہ صفائی ستھرائی میں مقامی انتظامیہ ناکام ہے،کوئٹہ کراچی شاہراہ کے قدم قدم پر گڑھے پڑ گئے ہیں ، مرمت کرنے کے بجائے شاہراہ پر مٹی ڈال دی جاتی ہے ، جس کے سبب کھانے پینے کے اشیاء میں دن بھر مٹی لگنے کی وجہ سے ناقابل استعمال ہونے لگی ہیں۔ دھول مٹی کے باعث شہری سانس ، الرجی ، زکام اوردیگر جلدی امراض کا شکار ہونے لگے ہیں۔ شہر بھر میں کچرا ، گندگی اور گٹروں کے ابلتے پانی نے شہریوں کی گزر گاہوں کو بند کردیا ہے، جس کی وجہ سے حب شہر لاوارثوں کا شہر بن گیا ہے۔ کوئی فریاد کو سننے کے لیے تیار نہیں ہے۔ بلوچستان کے صنعتی شہر تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہے ، سابقہ ادوار میں الیکشن جیت جانے والے کونسلران بھی شہر کے مسائل حل کرانے میں بری طرح سے ناکام ہوگئے ہیں۔ شہروں نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔