کوئٹہ(امت نیوز)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سی پیک پر قومی کمیشن کے قیام کے لیے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی گئی۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی زیرصدارت منعقد ہوا ۔ ثناء بلوچ کی جانب سے سی پیک پر قومی کمیشن قائم کرنے کے لیے قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سی پیک میں بلوچستان کو نظر انداز کرنے سے عوام میں احساس محرومی پایا جاتا ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ سی پیک سے بلوچستان میں بے روزگاری اور پسماندگی میں کمی آئے گی، ماضی میں سی پیک کے فیصلے کہیں اور ہوا کرتے تھے، ہماری حکومت میں پہلی بار سی پیک کی میٹنگ کوئٹہ میں ہوئی، ماضی میں وفاقی پی ایس ڈی پی سے کچھ ملا اور نہ سی پیک سے کچھ ملا۔جام کمال خان نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں بلوچستان کا مالیاتی شیئر صرف ساڑھے 4فیصد ہے، اگر گوادر پورٹ اور حبکو منصوبوں کو نکال دیا جائے تو بلوچستان کا شیئر ایک فیصد رہ جاتا ہے، سی پیک منصوبے میں گوادر کی وجہ سے بلوچستان کی اہمیت بڑھی ہے۔بعد ازاں پاک چائنا اقتصادی راہداری پر قومی کمیشن قائم کرنے کے لیے قرارداد متفقہ طور پرمنظور کرلی گئی۔