کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر اورشانتی نگر میں آتشزدگی سے دو درجن جھگیاں جل گئیں، جبکہ جھگیوں میں موجود ہزاروں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا،دونوں مقامات پر فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ادھر صدر میں کھڑی کار میں آگ لگنے سے سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جو ہر کے علاقے بلاک نمبر ایک کراچی یونیورسٹی کے سامنے خالی پلاٹ پر موجود جھگیوں میں جمعہ کی سہ پہر اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔ اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی 3گاڑیاں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر جھگیوں میں موجود افراد کو باہر نکا لا۔فائر بریگیڈ کے مطابق ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا گیا ،تاہم ایک درجن سے زائد جھگیاں اور سامان جل گیا، جبکہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ۔دوسرے واقعہ گلشن اقبال بلاک 9شانتی نگر پولیس چوکی کے عقب میں رات گئے پیش آیا جس کے دوران جھگیوں میں اچانک آگ بھڑکنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دس سے زائد جھگیوں کو لپیٹ میں لے لیا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر فائربریگیڈ کو طلب کرلیا فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا، ایس ایچ او عدیل رضا نے بتایاکہ آگ ایک جھگی میں کھانا بنانے کے دوران لگی جس کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد جھگیاں اور ان میں رکھا ہوا سامان جل گیا۔ دوسری جانب صدر میں کھڑی کار میں آگ لگنے کے باعث گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ،جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔فائر بریگیڈ کے جائے وقوعہ پر پہنچنے تک کار جل کر تباہ ہوگئی۔