مری (نامہ نگار) مری کے معروف تفریحی مرکز مال روڈ جی پی او چوک میں گزشتہ رات ایک درجن کے قریب نشے میں دھت اوباش نوجوانوں نے طوفان بدتمیزی برپا کرتے ہوئے شدید گالم گلوچ کرتے ہوئے پورے مال روڈ کو سر پر اٹھائے رکھا ،اس دوران سیاح فیملیاں بھی عاجز ہو کر رہ گئیں، شراب کے نشہ میں دھت نوجوانوں نے دیر تک مال روڈ پر اودھم مچائے رکھا مگر پولیس مال روڈ پر کہیں نظر نہیں آئی جب ان اوباش نوجوانوں نے جب جی پی او چوک میں واقع ایک ہوٹل میں جہاں کمرہ لے رکھا تھا وہاں پر بھی جا کر غل غپاڑہ جاری رکھا اور ہوٹل میں توڑ پھوڑ بھی کی جس پر ہوٹل انتظامیہ اور شہریوں نے ان شراب میں دھت نوجوانوں کو رنگے ہاتھوں تین بوتل شراب سمیت 13نوجوانوں کو مری بازار چوکی کے حوالے کیا مگر مبینہ طور پر پولیس نے مْک مْکا کر کے 10کو چھوڑنے کے بعد 3کی جھیکا گلی سے دوران گشت گرفتاری ڈال کراپنے کھاتے میں ڈال لیا۔ مری کے شہریوں اور کاروباری تنظیموں نے مری کے مصروف مرکز مال روڈ پر شراب کے نشے میں دْھت اوباش نوجوانوں کی اوچھی حرکات اور پولیس کی عدم موجودگی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پولیس کی غفلت قرار دیا جبکہ شہریوں کی جانب سے پولیس کے حوالے کرنے کے بعد چھوڑنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔