وفاق المدارس کے علما کنونشن میں حکومت کو مطالبات پیش

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس نے علما کنونشن کے دوران غیر ملکی طلبہ کے لئے ویزوں کی پابندی ختم کرنے، شمالی وزیرستان کے مدارس و مساجد کی بحالی و تعمیر نو ، رجسٹریشن کرانے ، گرفتار علما کی رہائی سمیت دیگر مطالبات وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پیش کردیے۔مطالبات تسلیم نہ کیے جانے اور سندھ میں گرفتار علما کرام کی عدم رہائی کی صورت میں جامعہ دارالعلوم کورنگی میں کنونشن کے دوران ڈیڈ لائن دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ کے زیر اہتمام علما و آئمہ مساجد کا پہلا علما کنونشن جامعہ فاروقیہ میں مولانا ڈاکٹر عادل خان کی زیر صدارت ہوا، جس میں وفاق المدارس سندھ کے منتظمین شریک ہوئے۔ کنونشن نے مطالبہ کیا کہ مدارس کا نمائندہ بورڈ وفاق المدارس وفاقی سطح کا ادارہ ہے، جس کی وجہ سے وفاق المدارس سمیت دیگر مدارس کی تنظیمات کو فیڈرل بورڈز کا درجہ دیا جائے۔مدارس کے معاملات کو وزارت تعلیم کے سپرد کیا جائے۔مدارس کی رجسٹریشن پر عائد پابندی ختم کی جائے۔ملک بھر میں مختلف نظاموں کے تحت رجسٹریشن کرنے کے بجائے پورے ملک میں یکساں طریقہ کار اور ضابطہ بنایا جائے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ صوبائی حکومتیں رجسٹریشن کے عمل پیچیدگیاں پیدا نہ کریں۔ ہر سال رجسٹریشن کی تجدید اور کئی اداروں کی کلیئرنس کی شرط بھی ختم کی جائے۔اجلاس میں کہا گیا کہ پنجاب چیرٹی ایکٹ 2018کو فوری ختم کیا جائے۔ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں میٹرک تک یکساں نظام تعلیم رائج اور طبقاتی تفریق کو ختم کیا جائے۔چرم قربانی کے مسئلہ کو سابق ترتیب پر بحال کیا جائے۔حکومت سندھ گرفتار علمائے کرام کو رہا اور فورتھ شیڈول میں ڈالے گئے علما اور مشائخ کے نام فوری خارج کرے ۔مدارس کے بینک اکاؤنٹ کھولنے کا حکم دیا اور اکائونٹ کھولنا آسان بنایا جائے۔کنونشن نے مطالبہ کیا کہ غیر ملکی طلبہ کے لیے تعلیمی ویزوں کا حصول آسان بنایا اور توسیع کے مراحل کو بھی آسان بنایا جائے۔ مدارس، مساجد اور دینی تنظیموں کو مذہبی اجتماعات کی اجاذت دی جائے۔مساجد و مدارس کو کو یوٹیلٹی بلوں سے مستثنی قرار دیا جائے۔محکمہ تعلیم عربی کی تدریس کے لئے بی اے کی اضافی تعلیم کی شرط کو ختم کیا جائے ۔شمالی و جنوبی وزیرستان میں آپریشن میں جن مدارس و جامعات کو تحویل میں لیاگیا تھا۔اب انہیں متعلقین کو واپس دیا جائے۔بند مدارس کو کھولا، شہید مدارس و مساجد کی تعمیر نو میں مدد فراہم کی جائے۔اجلاس میں ناظم مولانا امداد اللہ یوسف زئی ، مولانا قاری عبدالرشید، مفتی محمد خالد، مولانا ڈاکٹر سعید خان اسکندر، مولانا راحت علی ہاشمی،مولانا عبدالرزاق، مولانا منظور مینگل ، قاری حق نواز،ابراہیم سکھر گاھی،مولانا زبیر حق نواز،ڈاکٹر قاسم محمود و دیگر علما کرام نے شرکت کی۔وفاق المدارس کے تحت اگلا علما کنونشن 30دسمبر کو جامعہ دارالعلوم کراچی میں مفتی اعظم مفتی محمد رفیع عثمانی کی صدارت میں ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment