فائرنگ سے 2 افراد ہلاک – مغوی کی تشدد زدہ لاش ملی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فائرنگ سے 2افراد ہلاک ہو گئے ۔ مغوی کی تشدد زدہ لاش ملی ۔تفصیلات کے مطابق قائد آباد مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب السید سینٹر کی تیسری منزل سے نامعلوم ملزم نے فائرنگ کرکے 50 سالہ بشیر ولد عبدالمجید کو قتل کردیا ۔ ایس ایچ او نیک محمد کھوسو کے مطابق بشیر عمارت کی چوتھی منزل سے بھاگتا ہوا اتر رہا تھا کہ سیڑھیوں سے ٹکرا کر زخمی ہوگیا ۔ا سی دوران اوپر سےکسی نے دو فائر کیے ، ایک گولی مقتول کو لگی ،جس سے وہ ہلاک ہوگیا ۔انہوں نے بتایا کہ مقتول کا موبائل ڈیٹا نکلوا رہے ہیں ، تاکہ معلوم ہو سکے کہ بشیر اوپر کس سے ملنے آیا تھا ۔دریں اثنا مین سپرہائی وے سے مغوی شخص کی چادر میں لپٹی ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی۔ ایس ایچ او فرخ شہریار کے مطابق مقتول 60سالہ مبشر صدیقی ولد خورشید صدیقی نارتھ ناظم آباد بلاک این کا رہائشی تھا اور اس کی گلبرگ میں کشن کی دکان تھی۔ جمعرات کو رات گئے گھر نہ آنے پر ان کے اہلخانہ نے گمشدگی کی رپورٹ تھانوں میں درج کرائی تھی ۔مبشر کو ملزمان نے اغوا کےبعد تشدد کا نشانہ بنایا اور گلے میں پھندا لگا کر قتل کردیا اور ہاتھ پاؤں باندھ کرچادر میں لاش لپیٹ کر پھینک گئے ۔لیاری ایکسپریس وے گوہر آباد میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکےمعراج خان کو قتل کر دیا۔ ایس ایچ او عامر اعظم نے بتایا کہ مقتول کو تین گولیاں لگیں ۔جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کے مطابق مقتول ہزارہ ڈویژن کا رہائشی تھا ، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

Comments (0)
Add Comment