کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ اورپیپلزلبریشن آرمی ائیرفورس کی مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین ہفتم جمعہ کوختم ہو گئی۔ اس موقع پر پاک اورچینی فضائیہ کے جدیدلڑاکا طیاروں نے مہارت کا شاندارمظاہرہ پیش کیا۔ مشق کا بنیادی مقصد فضائی افواج کو حقیقی جنگی ماحول میں تربیت فراہم کر کے ان کی عملی تربیت میں اضافہ کرنا تھا۔ دو ہفتوں تک جاری رہنے والی اس مشق کے اختتام پر پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (آپریشنز) ایئر مارشل محمد حسیب پراچہ مہمان خصوصی تھے ۔ جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چن ون رانگ بھی شریک ہوئے۔اس دوران معزز مہانوں کا دن بھی منایا گیا ، جس میں پاک فضائیہ کے جنگی ہیروز، پیپلزلبریشن آرمی ائیر فورس کے اعلی عہدیداران، چین کے سفارتکار وں کے علاوہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی۔ معزز مہمانوں نے مشق کے معائنہ سیل کا دورہ کیا اور مشق کے انعقاد کے طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔