راولپنڈی(فیض احمد) احتساب عدالت کے جج حمد ارشدملک نےسابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کافیصلہ تحریرکرناشروع کردیاہے،انہوں نے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیں، اب ہفتہ اور اتوارکو بھی کام کیاجائے گاجس کیلئے متعلقہ عملہ کو حاضری یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی گئی ہے ، 24دسمبربروز پیر کو احتساب عدالت کی سپیشل سیکیورٹی کیلئے بھی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر اسلام آبادعدالت کو سیکیورٹی اقدامات سے متعلق آگاہ کریں گے۔سابق وزیراعظم کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر اڈیالہ جیل میں ان کے لیے بیرک نمبر 11کو مختص کر دیا گیا جبکہ بیرک میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ رنگ روغن کے کام کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل احتساب عدالت کے جج محمد ارشد نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ریفرنسز محفوظ کرنے کا فیصلہ العزیزیہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں فریقین کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد کیا گیا۔سپریم کورٹ کی جانب سے احتساب عدالت کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنسز نمٹانے کے لیے 24دسمبر تک کی مہلت دی گئی تھی۔احتساب عدالت سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کا محفوظ کیا گیا فیصلہ 24دسمبر کو سنائے گی۔ نواز شریف کے خلاف دونوں ریفرنسز پر 15ماہ تک کارروائی ہوئی۔ اس دوران کْل 183سماعتیں ہوئیں، العزیزیہ ریفرنس میں 22جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں 16گواہان پیش ہوئے۔ نواز شریف نے دونوں ریفرنسز میں اپنی صفائی پیش نہیں کی۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات گردش کر رہی ہے کہ ممکنہ طور پر 24دسمبر کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ ان کے خلاف ہی آئے گا ۔