کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے 29 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں1594 طلباوطالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جبکہ 177 طلباطلائی تمغوں سے سرفراز ہوئے 10 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات ،والدین اور اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کا29 واں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد گذشتہ روز جامعہ کے ولیکا کرکٹ گراؤنڈ میں ہوا گورنر سندھ وچانسلر جامعہ کراچی عمران اسماعیل مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب میں 1594 طلباوطالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جن میں 123 پی ایچ ڈی ،33 ایم فل ،دو ایم ایس،ایک ایم ڈی، 284 ایم ایس سی ،269بی ایس سی(آنرز)،220 ایم اے،174 بی اے (آنرز)،135 فارم ڈی،127 بی ایس،38 ایم کام،30 ایم پی اے،27 ایم بی اے،26ایم سی ایس،24 بی پی اے(آنرز) ،16 یل ایل بی،12یم ایچ آرایم،11 بی ایڈ،08 بی ای،07 بی ایس(سی ایس)،07 ایم پی پی،06 بی ایس (ایس ای)،05 بی بی اے (آنرز)،04 ایم ایل آئی ایس،03 بی ایل آئی ایس،ایک ایم اے (ای اینڈ ایف)جبکہ ایک ایم اے ایس شامل ہیں ۔ نمایاں کاکردگی کے حامل 177 طلبا کو طلائی تمغوں سے نوازا گیا ۔چانسلر جامعہ کراچی عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی سے گریجویشن ہر نوجوان کا خواب ہے۔بڑے عہدوں پر پہنچنے والے زیادہ ترافراد اسی جامعہ سے فارغ التحصیل ہیں انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے آپ کو یقین دلاتاہوں کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت جامعہ میں اسپتال ضروربنواؤں گا اور اس سلسلے میں وزیر اعظم سے بھی بات کرچکا ہوں۔ وائس چانسلرڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ ہر مہذب معاشرے کی ترقی میں جامعات کا کردار بہت اہم ہوتاہے،مجھے یقین ہے کہ جامعہ کراچی سے سماجی اور معاشی تبدیلی کا ایک نیا سورج طلوع ہوگا گرانٹ کو جامعہ کراچی میں تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختص کردیا گیاہے۔ مذکورہ فنڈ ز سے جامعہ میں نئے بلاکس کی تعمیر۔طلبہ کے لئے 10 نئی بسیں ، خریدی جائینگی جبکہ 200 طالبات کے لئے گرلز ہاسٹل کے نئے بلاک کی تعمیر ودیگر منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔