عالمی کتب میلے کے دوسرے روز بھی زبردست گہما گہمی رہی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی افتخار احمد شلوانی نے عالمی کتب میلے کا دورہ کیا۔انہوں نے کتب میلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی تعلیم یافتہ اور مہذب قوم ہے۔جدید دور میں ٹیکنالوجی سے انکار ممکن نہیں، مگر کتابوں کے مطالعہ کی اپنی الگ اہمیت اور افادیت ہے ۔کتب بینی کو فروغ دینے کے لیے فریئر ہال کو فعال کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر پاکستان پبلیشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد ، کے آئی بی ایف کے کنوینئر اویس مرزا جمیل، ڈپٹی کنوینئر وقار متین خان اور دیگر بھی موجود تھے۔کتب میلے کے دوسرے روز بھی زبردست گہما گمی دیکھنے میں آئی۔عصری و دینی درسگاہوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کئی اسکولز و کالجز کی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ کا بھی انتظام کیا ہوا تھا۔10سے زائد اسکولوں نے اپنی لائبریوں کے لیے کتب خریدیں۔کتب میلے میں 30کے قریب اسٹالز بچوں کی کتب سے متعلق ہیں جہاں بچوں کا رش دیکھنے میں آیا۔ کتب میلہ 25 دسمبر تک جاری رہے گی۔عزیز خالد نے کہا کہ یہ نمائش پاکستانی پبلیشرز نے اپنی مدد آپ کے تحت منعقد کی ہے۔کسی نے کوئی مدد فراہم نہیں کی۔دریں اثنا تھائی لینڈ کے قونصل جنرل نے دورے کے موقع پر پاکستانی پبلشرز کو پیشکش کی ہے کہ وہ تھائی لینڈ کی علمی سمیت مختلف شعبوں کی نامور کتابوں کی اردو زبان میں تراجم شائع کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ہم ان کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ 2019ء کے عالمی کتب میلے میں تھائی لینڈ کی بھی بھر پور نمائندگی کو یقینی بناؤں گا ۔

Comments (0)
Add Comment