صومالیہ میں 2کار بم دھماکے-صحافی و فوجیوں سمیت 17افرادہلاک

موغادیشو (امت نیوز) صومالیہ میں 2 کار بم دھماکوں کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا، شدت پسند گروہ الشباب نے دونوں دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صومالی دارالحکومت موغا دیشو میں صدارتی محل کے قریب یکے بعد دیگرے 2 کار بم دھماکوں کے نتیجے میں فوجیوں سمیت 13 افراد ہلاک اور دیگر 17 شدید زخمی ہوگئے۔ ہلاک افراد میں مقامی ٹی وی چینل یونیورسل ٹی وی کیلئے کام کرنے والا صحافی عویل داہر سلاد اور اس کا ڈرائیور بھی شامل ہے، دھماکے کے فوری بعد واقعے کی رپورٹنگ کیلئے وہاں پہنچا تھا۔ پہلے دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں کیلئے کئی فوجی اور شہری بھی جمع ہوگئے تھے، جس کی وجہ سے ہلاکتیں زیادہ ہوئیں،جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، جس سے اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں دھماکے صدارتی محل سے 400 میٹر کی دوری پر واقع سیکورٹی چیک پوائنٹ پر ہوئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتالوں مں منتقل کردیا گیا ہے۔ انتہا پسند گروپ الشباب نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

Comments (0)
Add Comment