کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے کرپشن ریفرنس میں گرفتارپیپلز پارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی بابل بھیو و دیگر پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ ملزم کے صحت جرم سے انکار پرعدالت نےتفتیشی افسر و گواہ طلب کرتے ہوئے سماعت10 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔استغاثہ کے مطابق ریفرنس میں ملزمان اللہ ڈنو عرف بابل بھیو، ڈرائیور مقصود بھیو اور افضل بھیو نامزد ہیں۔ملزم کے اکاؤنٹ میں شکار پور کے مختلف ٹھیکیداروں کے اکاؤنٹس سے ساڑھے5کروڑجمع کرائے گئے۔اسٹیٹ بینک کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے مشکوک ٹرانزیکشن کی رپورٹ پر نیب نے ملزم اللہ ڈنو بھیو عرف بابل بھیو اور دیگر کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا اور بعدازاں بابل بھیوکوگرفتار کیا گیا ۔دیگر نامزدملزمان مقصود بھیو و افضل بھیو مفرور ہیں ۔دریں اثنا احتساب عدالت کے جج کی رخصت کی وجہ سے ڈاکٹرعاصم و دیگر ملزمان کیخلاف17ارب کے کرپشن ریفرنس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔ہفتہ کو سماعت کے بعد ڈاکٹر عاصم نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری کے سوال پر کہا کہ اللہ مالک ہے۔سیاسی انتقام کے سوال پر انہوں نے کہا کہ انتقام تو مجھ سے لیا جارہا ہے۔