اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے ٹوئٹر پر آصف زرداری کے امریکا میں مبینہ اپارٹمنٹ کی دستاویز کی نقول جاری کردی ہیں۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے ٹوئٹر پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی امریکا میں مبینہ جائیدادوں کی دستاویز کی نقول پوسٹ کی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ 524 ایسٹ، اسٹریٹ 72، اپارٹمنٹ 37F نیویارک کی ٹیکس رسیدوں پر آصف زرداری کا نام واضح درج ہے۔علی حیدر زیدی نے اپنی پوسٹ میں ان مبینہ دستاویزات کو پارٹی رہنما خرم شیر زمان کے اکاؤنٹ پر ٹیگ کیا ہے اور سابق صدر کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کی دائر کردہ درخواست کے لیے مزید معلومات قرار دیا ہے۔چند روز قبل وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ حکومت کو آصف زرداری کے امریکا میں اپارٹمنٹ کے شواہد ملے ہیں، اس اپارٹمنٹ کو انہوں نے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔ اس کے اگلے دن پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔دوسری جانب پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی کردار کشی کی آڑ میں عوام دشمن فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ سابق صدر کا امریکا میں کوئی اپارٹمنٹ نہیں۔