فرانس میں مظاہرین کی رکاوٹ سے ٹکراکر کار سوار ہلاک

پیرس(امت نیوز) فرانس میں مہنگائی کیخلاف کئی ہفتوں سے جاری ملک گیر احتجاج کا زور ٹوٹنے لگا، اہم شاہراہوں پر قابض مظاہرین کی تعداد 3 لاکھ سے کم ہو کر محض 66 ہزار رہ گئی ہے، جبکہ دارالحکومت پریس میں سڑک بند کرنے کیلئے کھڑے گئے ٹرک سے ٹکرا ایک کار سوار شہری ہلاک ہوگیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق فرانس میں یلو جیکٹ احتجاج کا زور ختم ہونے لگا ہے، اور چند ہفتے قبل جب ملک بھر کی سڑکوں اور چوراہوں پر موجود مظاہرین کی تعداد کئی لاکھ تک پہنچ گئی تھی، وہاں اب یہ تعداد محض 66 ہزار رہ گئی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ کرسمس کی آمد پر مظاہرین گھروں کو چلے گئے ہیں اور کچھ بعید نہیں کہ تہوار ختم ہوتے ہی یہ لوگ ایک بار پھر سڑکوں پر ہوں گے۔ دوسری جانب پیرس سے اطلاعات ہیں کہ مظاہرین کی جانب سڑک بند کرنے کیلئے کھڑے کئے گئے ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک کار سوار شہری کی موت ہوئی ہے، جس کے بعد مظاہروں میں مرنے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیرس میں احتجاج کرنے والوں کی تعداد محض چند سو رہ گئی ہے اور یہ لوگ بھی جلد سڑکوں اور چوراہوں پر سے قبضہ ختم کردیں گے۔

Comments (0)
Add Comment