غزہ(امت نیوز) غزہ میں سرحد کی جانب احتجاجی مارچ کرنے والے فلسطینیوں پرقابض اسرائیلی فوج نے براہ راست فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں16 سالہ لڑکے سمیت 4 نوجوان شہید اور12 افراد زخمی ہو گئے۔3شہدا کی شناخت جاہ جوح، عبدالعزیز اور مہر یاسین کے نام سے ہوئی ہے۔ چاروں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے شہید نوجوانوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور کہا کہ اسرائیلی سفاکیت پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں صحافی اور طبی عملہ بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ رواں برس 30 مارچ سے شروع ہونے والی ’اپنے گھروں کو واپسی مہم‘ کے تحت فلسطینی شہریوں کا یہ مسلسل 39 واں ہفتہ وار مظاہرہ تھا۔ دریں اثنا غزہ کے سرحدی مقام مفلاسیم پر گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا اسرائیلی فوجی اسپتال میں ہلاک ہو گیا۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے لبنان کی سرحد پر حزب اللہ کی طرف سے کھودی گئی سرنگوں کو مسمار کرنا شروع کر دیا ہے۔