وزارت خارجہ – سفارتی حکام کی 61 کروڑ کی غیر قانونی خریداریاں

اسلام آباد(اویس احمد) وزارت خارجہ اور بیرون ملک تعینات پاکستانی سفارتی حکام کی جانب سے غیر قانونی خریداریاں کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس سے قومی خزانے کو 60 کروڑ 92لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ اور بیرون ملک 13پاکستانی سفارتی مشنز کے حکام کی جانب سے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اور بغیر ٹینڈر جاری کیے متفرق نوعیت کا سامان خریدا گیا۔ حالانکہ پیپرا قواعد کے مطابق کوئی بھی وزارت یا ادارہ 20 لاکھ روپے سے زائد کی خریداری کے لیے اخبارات میں اشتہار شائع کرنا اور ٹینڈر کے ذریعے اوپن بولی کروانا لازم ہے، جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز پابند کیا گیا ہے کہ 15 سو یورو یا 2 ہزار امریکی ڈالر تک کی خریداری کے لیے سنگل ٹینڈر جاری کرنا لازم ہے۔ 4ہزار امریکی ڈالر یا 3ہزار یورو تک کی خریداری کے لیے محدود ٹینڈر، جبکہ اس سے زائد کی خریداری کے لیے اوپن ٹینڈر جاری کرنا ضروری ہے۔ تاہم وزارت خارجہ اور 13 مختلف ممالک میں پاکستانی سفارتی مشنز نے ان ہدایت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی خریداری بغیر ٹینڈر جاری کیے کر ڈالیں۔ وزارت خارجہ اسلام آباد کی جانب سے مختلف مواقع پر 5 کروڑ96لاکھ 11ہزار روپے سے زائد کی خریداریاں کی گئیں۔ میکسیکو میں تعینات پاکستانی سفارتی مشن کی جانب سے 29 ہزار 470 امریکی ڈالر کی خریداریاں کی گئیں۔ لاس اینجلس میں قائم پاکستانی قونسل خانے کے حکام نے 13ہزار515 امریکی ڈالر کی خریداریاں کیں۔ اقوام متحدہ، نیو یارک میں پاکستانی مشن حکام نے 10لاکھ 83ہزارامریکی ڈالر سے زائد کی خریداریاں کیں۔ ہالینڈ کے دارالحکومت ہیگ میں پاکستانی مشن نے 4ہزار700 یورو کی خریداریاں کیں۔ دوہا قطر میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے 58ہزار قطری ریال اور 47لاکھ 93ہزار روپے سے زائد کی خریداریاں کیں۔ کابل میں تعیناتی پاکستانی سفارتی حکام نے 9لاکھ 86ہزار روپے سے زائد کی خریداریاں کیں۔ زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں تعینات پاکستانی سفارتی حکام نے 52لاکھ 60ہزار روپے سے زائد کی خریداریاں کیں۔ نیویارک میں تعینات پاکستانی سفارتی حکام نے 34ہزار896 امریکی ڈالر کی خریداریاں کیں۔ کویت میں موجود پاکستانی سفارتی مشن حکام نے 5لاکھ 75ہزار روپے سے زائد کی خریداریاں کیں۔ کینیڈا کے شہر اوٹاوا میں تعینات پاکستانی سفارتی حکام نے 32ہزار401 کینیڈین ڈالر سے زائد اور 26لاکھ 58ہزار روپے سے زائد کی خریداریاں کیں۔ بحرین میں تعیناتی پاکستانی سفارتی حکام نے 66ہزار 520 بحرینی دینار اور ساڑھے 6لاکھ روپے سے زائد کی خریداریاں کیں۔ مسقط میں تعینات پاکستانی سفارتی حکام نے 10ہزار اومانی ریال کی خریداریاں کیں۔ لندن میں تعینات پاکستانی سفارتی حکام نے 44ہزار519 برطانوی پائونڈ اور ایک کروڑ29لاکھ50ہزار روپے سے زائد کی خریداریاں کیں۔ واشنگٹن میں تعیناتی پاکستانی سفارتی حکام نے 26لاکھ88ہزار 562 امریکی ڈالرز کی خریداریاں کیں۔ نائجر کے دارالحکومت نیامے میں تعینات پاکستانی سفارتی مشن حکام نے 38ہزار202 امریکی ڈالر کی خریداریاں کیں۔ یوں مجموعی طور پر وزارت خارجہ اور اس کے ماتحت بیرون ملک پاکستانی مشنز نے 60 کروڑ 92لاکھ 92ہزار روپے کی غیر قانونی خریداریاں کیں۔

Comments (0)
Add Comment