نقیب قتل کیس کے 3 مفرور پولیس اہلکار بھی خود پیش

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نقیب قتل کیس میں 3 مفرور ملزمان پولیس اہلکار حفاظتی ضمانت لے کر انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق تفتیشی پولیس ایک مرتبہ پھر نقیب قتل کیس میں مفرور پولیس افسران واہلکاروں کو ڈھونڈنے میں ناکام ہوگئی۔ ہفتے کے روز ملزمان علی اکبر، رئیس اور عمران کاظمی نے حیدرآباد ہائیکورٹ سے 2 ، 2 لاکھ روپے کی حفاظتی ضمانت حاصل کی اور انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے ،جہاں تینوں ملزمان کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست جمع کرائی گئی۔ عدالت نے ملزمان کو 2 ، 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کرلی۔ مزید 3 ملزمان کے پیش ہونے کے بعد سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، شعیب شوٹر سمیت مفرور ملزمان کی تعداد اب 7 رہ گئی ہے۔ مقدمے میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار ، قمر احمد شیخ ، محمد یاسین ،سپرد حسین ، خضر حیات ، عبوری ضمانت پر رہا ہیں ،جبکہ ملزمان محمد انار ، فیصل محمود اور خیر محمد عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے ، ان کے علاوہ کیس میں اے ایس آئی اللہ یار ، ہیڈ کانسٹیبل محمد اقبال ، کانسٹیبل ارشد علی ،غلام نازک ، عبدالعلی ، شفیق احمد اور شکیل گرفتار ہیں ۔ گذشتہ سماعت پر پولیس کی جانب سے ایک مرتبہ پھر روایتی رپورٹ ہی پیش کی گئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ ملزمان روپوش ہیں نہیں مل رہے۔

Comments (0)
Add Comment