اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ایک اور فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس (خبر ایجنسیاں) غزہ کی پٹی میں احتجاجی ریلیوں پر اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا، جس کے بعد 2 روز میں شہدا کی تعداد 4 ہوگئی۔ عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعے کے روز مشرقی البریج کے مقام پر احتجاجی ریلی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 3فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ وزارت صحت کے مطابق 18سالہ ایمن منیر مھًد شبیر اتوار کو شہید ہوا، جس کا تعلق دیر البلح سے تھا۔ غزہ میں رواں سال مارچ سے ناکہ بندی کے خاتمے اورحق واپسی کیلئے مظاہرے جاری ہیں۔ ہفتے کے روز شہید ہونیوالے 3نوجوانوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ جنازوں میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہانیہ بھی شریک ہوئے۔ 30مارچ سے اب تک غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فائرنگ سے 239فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment