پیپلز پارٹی 27 دسمبر کو سیاسی طاقت دکھائے گی- مراد علی

لاڑکانہ (نمائندہ امت) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاڑکانہ سرکٹ پہنچ کر اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جہاں انہیں پیپلز پارٹی صوبہ سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی جانب سے بے نظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو ہونے والی گیارہویں برسی کے انتظامات پر بریفنگ لی۔اجلاس کے بعد وزیر اعلی سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی 27دسمبر کو سیاسی طاقت دکھائے گی۔ حالیہ جلسوں کو نظر میں رکھ کر کہہ سکتا ہوں کہ 27دسمبر کو بڑا جلسہ ہوگا، لوگوں کی بڑی تعداد گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچے گی، صنم بھٹو ہر سال بی بی کی برسی میں آتی ہیں اور صنم بھٹو کو اہم ذمہ داری کے متعلق ہر سال ہی باتیں کی جاتی ہیں، پاک افواج کے سپہ سالار کے حالیہ بیان پر وزیر اعلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی خود دہشت گردی کا شکار رہی ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں پیپلز پارٹی آگے آگے ہو گی، آصف زرداری کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی ہوئی، گرفتاری ہوئی تو لائحہ عمل بھی عوام کے سامنے ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں نے بطور ریونیو منسٹر، وزیر خزانہ کے عوام کی خدمت کی ہے کرپشن نہیں اور وزیر اعظم بتائیں ان سے کون این آر او مانگ رہا ہے ؟ عمران خان این آر او مانگنے والے کا نام ہی بتا دیں ان کے ارد گرد کھڑے ہونے والے خود نیب زدہ اور سزا یافتہ ہیں وہ ان سے این آر او مانگ رہے ہیں جس پر عمران خان کہتے ہیں کہ این آر او نہیں دوں گا، پارلیمنٹ کو صحیح پاورز دیے جائیںز وزیر اعظم کہتے تھے کہ پارلیمنٹ میں ہر سوال کا جواب دوں گا لیکن وہ تو پارلیمنٹ ہی نہیں آتے، اس موقع پر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم قانون کی بالا دستی کی بات تو کرتے ہیں لیکن ان کی بات سن کر پروفیسر کی ہتھکڑی لاش یاد آ جاتی ہے، بعد ازاں وزیر اعلی سندھ سہون روانہ ہو گئے۔

Comments (0)
Add Comment