اٹک (نامہ نگار ) اٹک میں جائیداد کے تنازع پر مخالفین نے غریب کسان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آنکھیں نکال دیں۔ تفصیلات کے مطابق عدالتوں میں زمین کے زیر سماعت مقدمات میں پیروی کرنے پر مخالفین نے وحشیانہ تشدد اور بربریت کے دوران غریب کسان کی آنکھیں نکال کر ہمیشہ کیلئے اسے اندھا کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے تھانہ جنڈ کے گاؤں گلیال کا رہائشی فولیل خان ولد احمد خان کے اپنے گاؤں کے افتخار احمد ، محبوب احمد پسران محمد یعقوب اعوان سے زمین کے مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت تھے اور ملزمان کئی مرتبہ اسے مقدمات کی پیروی کرنے سے روکنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے چکے تھے۔ انہوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت فولیل خان کا راستہ روک کر اسے وحشیانہ تشدد اور بربریت کا نشانہ بنانے کے دوران اس کی دونوں آنکھیں نکال دیں جس کے سبب وہ ہمیشہ کیلئے اندھا اور دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہو گیا ہے۔ اسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جنڈ پہنچایا گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد دے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیا گیا زخمی کسان جو گھر کا واحد کفیل ہے کی درخواست پر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں ۔