مری وکوئٹہ میں گیس لیکیج سے طلبہ سمیت 13جھلس گئے

مری /کوئٹہ( نمائندہ امت / مانیٹرنگ ڈیسک ) مری اور کوئٹہ میں گیس لیکیج سے ہونے والے دھماکوں سے 7 طلباءسمیت 13 جھلس گئے ،جن میں کوئٹہ کے ایک ہی خاندان کے6افراد بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق سپیرئر کالج چنیوٹ کے طلباء کا ٹرپ سیر وسیاحت کیلئے مری کے ہوٹل میں مقیم تھا اس دوران کمرے میں طلبہ نے موبائل چارجنگ پر لگایا تو کمرے میں گیس لیکیج کے باعث دھماکےسے آگ بھڑک اٹھی جس سے 7طلباء اسداللہ ،افتخار شاہ ،یاسین ،انس ،ہارون ،عبداللہ اور حمزہ جھلس گئے ،جنہیں ٹی ایچ کیو اسپتال مری پہنچایا گیا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سردیاں شروع ہوتے ہی گیس لیکیج کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں دریں اثناکو ئٹہ کے علاقے ہزار گنجی زہری ٹاؤن میں گھر کے کمرے میں لیکیج کی وجہ سےگیس بھر گئی صبح محمد نبی کی بیوی نے ہیٹر کیلئے ماچس جلائی تو کمرے میں زوردار دھماکہ ہو گیا۔ جس میں میاں بیوی اور ان کے 4 بچے بری طرح جھلس گئے جنہیں شدید زخمی حالت میں بولان میڈیکل کمپلکس اسپتال کوئٹہ کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا۔جہاں انکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment