غزہ(امت نیوز)حماس نے صدر محمود عباس کی جانب سے فلسطینی پارلیمنٹ تحلیل کر کے نئے انتخابات کرانے کا اعلان مسترد کر دیا ہے ۔حماس نےفلسطینی صدر کے فیصلے کو جانبدارانہ قرار دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صدر محمود عباس کا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا فیصلہ اپنی جماعت پی ایل او کے مفادات کو تحفظ دینے کی کوشش ہے۔ حماس نے فلسطینی عدالت کے فیصلے پر بھی تنقید کی ہے جو صدر کے فیصلے کا سبب بنی۔ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ صدر محمود عباس نے جس دستور کونسل کے فیصلے کی روشنی میں اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ وہ کونسل بھی دراصل صدر کے ہی ذاتی فیصلے کی پیداوار تھی۔فلسطین کے صدر محمود عباس کی جانب سے ملاقات کیلئے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی دعوت مسترد کرنے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر محمود عباس نے ملاقات کی دعوت قبول نہ کرکے فلسطینیوں میں مزید تقسیم روکنے کا سنہری موقع ضائع کردیا۔ فلسطین میں حکمراں جماعت الفتح و غزہ میں بھاری مینڈیٹ رکھنے والی حماس کے درمیان کشیدگی میں 2017 سے اضافہ ہوگیا ہے۔