ڈہرکی (رپورٹ: میر عابد بھٹو) زمین ہتھیانے کیلئے ڈہرکی میں پولیس اہلکار نے غریب زمیندار گرفتار کرا کر اس کے معذور بیٹے پر کتے چھوڑ دیئے ،جس سے وہ ہلاک ہو گیا، اے ایس آئی نے زمیندار کی تذلیل بھی کی۔ ورثا نے بچے کی لاش کے ہمراہ دھرنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈہرکی میں اے ایس آئی نے غریب محنت کش فیض محمد منگی کی زمین ہتھیانے کے لئے ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں، گاؤں نور حسن شاہ میں ڈہرکی تھانے کے اے ایس آئی رحیم بخش منگی نے نائی کا کام کرنے والے محنت کش فیض محمد منگی کو گرفتار کرالیا اور اس کے معصوم 12سالہ معذور بچے زاہد حسین منگی کے پیچھے کتے لگا دیئے، شکاری کتے معذور بچے کے پیچھے لگنے سے وہ صدمے سے چل بسا۔ گزشتہ روز اہل خانہ فیض محمد منگی، آصف منگی، منیر احمد منگی اور دیگر نے لاش رکھ کر احتجاج کیا، اس موقع پر متاثرہ فیض محمد منگی نے صحافیوں کو بتایا کہ 3روز قبل ڈہرکی تھانے کے اے ایس آئی رحیم بخش منگی نے مجھے گرفتار کرایا اور مجھ پر سخت تشدد کرایا، انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل بھی مجھے گرفتار کرایا تھا اور نجی مقام پر قید کرکے ڈہرکی تھانے کے پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں منہ میں پیشاب کراکے تذلیل کرائی تھی، انہوں نے کہا کہ رحیم بخش منگی جوبااثر ہے، ہماری تین ایکڑ زمین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، گزشتہ شام رحیم بخش منگی کے کہنے پر شبیر منگی، گل منگی، مولا بخش منگی، علی بخش منگی، سعید منگی، راجہ منگی اور ندیم منگی نے میرے بیٹے زاہد حسین منگی جوکہ معذور تھا، اس کے پیچھے شکاری کتے چھوڑے، جس سے وہ گرکر بیہوش ہوگیا، اسے ڈاکٹروں کے پاس لیکر گئے ،جہاں انہوں نے موت کی تصدیق کر دی۔