سینچورین (امت نیوز) جنوبی افریقا کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس اور اسپنر شاداب خان مکمل فٹ نہ ہو سکے۔ذرائع کے مطابق محمد عباس اور شاداب خان کے ری ہیب کے عمل کے دوران کوئی بہتری نہیں آئی جس کے باعث محمد عباس باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق محمد عباس کندھے اور شاداب خان گروئن انجری کا شکار ہیں اور دونوں کھلاڑی تین روزہ پریکٹس میچ میں بھی ایکشن میں نہیں تھے۔ذرائع کے مطابق شاداب خان کے بھی مکمل فٹ ہونے میں ابھی وقت درکار ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے سینچوریں میں شروع ہوگا۔ذرائع کے مطابق سنچورین ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق کریں گے، ٹور میچ کی پہلی اننگز میں دونوں کے درمیان 29 رنز کی شراکت ہوئی جبکہ دوسری باری میں فخر کی جگہ شان مسعود نے اوپننگ کی تھی، امام الحق نیوزی لینڈ سے3 ٹیسٹ میں 14.60 کی اوسط سے صرف 73 رنز ہی بنا سکے تھے،البتہ انوی ٹیشن الیون کیخلاف دوسری اننگز میں انھوں نے پراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے 66 رنز اسکور کیے۔فخر زمان آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں 94 اور 66 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد انجرڈ ہو گئے تھے، کیویز سے آخری ٹیسٹ میں امام الحق کے ساتھ اوپننگ کرنے والے محمد حفیظ اب ریٹائر ہو چکے ہیں۔