بنگلہ دیشی امپائر نے بے ایمانی کی انتہا کر دی

ڈھاکا (امت نیوز) ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے ٹی 20 میں بنگلہ دیشی امپائر تنویر احمد نے بے ایمانی کی انتہا کر دی۔ 191 رنزکے تعاقب میں جانے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے چوتھے اوور میں اوشین تھامس کی چھٹی گیند کو امپائر تنویر احمد نے نوبال قرار دیا،اس پر لٹن داس چھکا جڑنے کی کوشش میں مڈ آف پر کیچ ہوئے تاہم نوبال کی وجہ سے وہ آئوٹ ہونے سے بچ گئے۔ گرائونڈ میں نصب بڑی اسکرین پر ری پلیز سے واضح ہوا کہ تھامس کے پائوں کا بڑا حصہ لائن کے اندر تھا جس پر ویسٹ انڈین کھلاڑیوں نے احتجاج شروع کردیا۔ ڈریسنگ روم سے اشارہ دیا گیا کہ اسی اوور کی پانچویں گیند پر بھی نوبال کی غلط کال دی گئی تھی، جس پر کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے باہر جاکر فورتھ امپائر شرف الدولہ اور میچ ریفری جیف کرو سے بات کی، جنہوں نے انہیں بتایا کہ چونکہ وہ پہلے بڑی اسکرین پر ری پلے دیکھ چکے، اس لئے ریویو کی درخواست قبول نہیں ہوسکتی، قوانین کے تحت یہ نوبال اپنی جگہ رہے گی، جس پر انہوں نے واپس لوٹ کر ساتھیوں کو دوبارہ کھیل جاری رکھنے کو کہا۔

Comments (0)
Add Comment