اسلام آباد (امت نیوز) برازیل کے فٹبال اسٹار کاکا اور پرتگال کے سابق کپتان لوئیس فیگو آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے۔لوئیس فیگو اور کاکا کو اپریل میں ہونے والے دوستانہ میچ کے حوالے سے اعلان کیلئے جنوری میں پاکستان آنا تھا تاہم انہیں ابتداءمیں ویزہ کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ویزہ درخواست مسترد نہیں ہوئی تھی صرف واپس ہوئی تھی اور دونوں کھلاڑیوں کو ایک دو روز میں ویزے جاری کیے جائیں گے۔دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان مدعو کرنے والی کمپنی کے نمائندے حسن رائو نے بتایا کہ فیگو اور کاکا اپریل میں نمائشی میچ کھیلیں گے، سکس اے سائیڈ میچ کیلئے اور بھی اسٹارز پاکستان آئیں گے جس کا اعلان بعد میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دونوں فٹبالرز کو جنوری میں پاکستان آنا ہے جس میں وہ اس مقابلے کی مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔حسن رائو نے کہا کہ ٹاپ فٹبالرز کی آمد سے پاکستان کا مثبت امیج پوری دنیا میں جائے گا۔