کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایمپریس مارکیٹ کی تاجر برادری نے تجاوزات آپریشن پر مئیرکراچی وسیم اختر کے خلاف 1 ارب ہرجانےکا دعوی دائرکرنے کا اعلان کیاہے۔ پریس کلب میں پریس کانفر نس کرتے ہوئے ایمپریس مارکیٹ کے صدر عرفان کاکڑ و دیگر نے الزام لگایا کہ مئیرکراچی وسیم اختر را کے ایجنٹوں کیلئے کام کرتے ہیں خود چائناکٹننگ ، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر جرائم میں ملوث رہے ۔ اب شہرمیں دوبارہ لسانی تعصب ابھارنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے مئیر کراچی کے بیان کی مذمت کی اور ان سے معافی مانگنےکا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مئیر کراچی نے اسلحہ اور منشیات اسمگلنگ کا جو بھونڈا الزام لگایا ہے اس کاثبوت دیں۔اس موقع پر تاجر رہنماعرفان ملک نے دھمکی دی کہ اگر وسیم اختر نے ثبوت فراہم نہ کیے تو وہ بطور احتجاج خود سوزی کریں گے انہوں نے مطالبہ کیا کہ مئیر کراچی کے بیان کا نوٹس لیا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب متاثرین ایمپریس مارکیٹ نے مئیر کراچی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اختر مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں چیف جسٹس کے احکامات کی آڑ میں وہ تاجر برادری سے بدلہ لےرہےہیں۔