ایک اور سونامی کے خدشے پر انڈونیشیا میں لاکھوں کی نقل مکانی

جکارتہ(امت نیوز)انڈونیشیا کےحکام نے آبنائے سْنڈا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والےسونامی سے پھیلی تباہی کے بعد امدادی کارروائیوں کاسلسلہ تیز کر دیا ہے ۔انڈونیشیا میں حکام نے جاوا اور سماٹرا جزائر کے علاقوں کیلئے ایک اور سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ ایک اور سونامی آنے کے انتباہ سے ساحلی علاقوں کے قریب واقع علاقوں میں مقیم لاکھوں افراد محفوظ مقامات کی جانب نکل کھڑے ہوئے ،جس کے نتیجے میں سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا ۔حکام نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی 350سے زیادہ ہونے کا خدشہ ہے، آتش فشاں اب بھی لاوااگل رہا ہے ،جس کے باعث ایک اور سونامی آنے کا خدشہ ہے ، اس لئے لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ہزاروں فوجی جاوا اور سماٹرا کے متاثرہ علاقوں میں بھیج دیے گئے ،جہاں امدادی کام میں تیزی آگئی ہے ۔ہیوی مشینری بھی علاقے میں پہنچا دی گئی ہے ۔ ملبے تلے دبے انسانوں کو نکال کر بچانے کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔ اب تک درجنوں مردو زن اور بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہے ۔لوگ پیر کو بھی اپنے پیاروں کی تلاش میں دیوانہ وار گھومتے رہے ۔منہدم کئی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ بھی جاری ہے ،تاکہ رضا کاروں کی مشکل جگہوں تک رسائی میں آسانی پیدا کی جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے حکام نے جاوا اور سماٹرا جزائر کے ساحلی علاقوں سے ایک سونامی کے ٹکرانے کا انتباہ دیتے ہوئے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنےکا مشورہ دیا ہے ۔ حکام کا انتباہ سامنے آنے پر ساحلی علاقوں کے قریب واقع علاقوں میں مقیم لاکھوں افراد محفوظ مقامات کی جانب نکل کھڑے ہوئے، جس کے نتیجے میں درجنوں سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا ۔لوگوں کو مختلف سڑکوں پر منہدم عمارتوں کا ملبہ بکھرا ہونے کی وجہ سے بھی نکلنے میں دشواری کا سامنا ہے ۔ عمارتوں کا سریا ایسے لٹک رہا ہے ،جیسے نوڈلز ہوں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آتش فشاں سے لاوااب بھی نکل رہا ہے،ایک اور سونامی آنے کا خدشہ ہے۔ ہلاکتوں کی تعدادبھی350سے زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔پیر کو انڈونیشیا کےصدر جوکو ویدودو نے پیر کو سونامی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور انہوں نے امدادی کام فوری طور پر شروع کئے جانے پر تمام سرکاری حکام کو سراہا ۔ انہوں نے حکام کو سونامی کا پیشگی انتباہ دینے والا نظام نصب کرنے کا حکم بھی دیا ۔ماہرین کے مطابق سونامی کا انتباہی نظام نصب کئے جانے کے باوجود آتش فشان پھٹنے کی صورت میں زلزلہ نہ آنے کے باوجودسونامی آنے کی صورت میں یہ نظام کارآمد نہیں رہے گا ۔پیر کو ایک ٹی وی کی فوٹیج سامنے آئی ہے ،جس کے مطابق انک کراکاٹو نامی آتش فشاں مسلسل لاوا اگل رہا ہے اور اس سے سفید دھواں اٹھ رہا ہے ۔رواں برس28ستمبر کو انڈونیشیا کے جزیرہ سولا ویسی میں7 .5شدت کے زلزلے کے جھٹکوں اور آفٹر شاکس کے نتیجے میں سونامی کی 10فٹ بلند لہروں نے پالو شہر اور اطرافی علاقوں میں بڑے پیمانے پرتباہی مچا دی تھی، جس کے نتیجے میں 2ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے تھے ،جبکہ 5ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ابھی سولاویسی کے مکینوں کے زخم مندمل بھی نہ ہوئے تھے کہ انڈونیشیا میں سونامی نے ایک بار پھر بے خبر ساحلی علاقوں کے مکینوں کو دبوچ لیا۔انڈونیشیا کے ایک مچھیرے ہادی کا کہنا ہے کہ وہ ہفتہ کی شب جزیرہ جاوا کے ساحلی علاقے میں بنےاپنے گھر میں بیٹھا ، سر شام ہی مجھے احساس ہوا کہ ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی ہے۔ساحلی علاقوں میں بنے درجنوں ریسٹورنٹس میں ہزاروں افراد میں باربی کیو مچھلی کھا رہے تھے کہ سمندر سےاٹھنے والی بلند لہروں نے سب کچھ صاف کر دیا ۔ لہریں بلند ہوتے ہی لوگوں نے بھاگو ، بھاگو چلانا شروع کر دیا ، ان کا کہنا تھا کہ لہریں آ رہی ہیں ۔میں نے آگے پیچھے 3لہروں کو دیکھا۔میری 6کشتیاں ہیں ، جو دیگر درجنوں کشتیوں کے ساتھ سمندر میں ڈوب گئیں یا پھر انہیں بپھری لہروں نے اٹھا کر دور پھینک دیا ۔

Comments (0)
Add Comment