کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاقت آباد میں دیور کے ہاتھوں قتل ہونے والی بھابھی کے قتل میں ملوث دیور کو پولیس نے گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ملزم اپنی بھابھی کی بہن سے زبرستی شادی کرنا چاہتا تھا۔تفصیلات کے مطابق سپرمارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد 4 نمبر نزد زبیدہ میڈیکل کے قریب اتوار کو قتل ہونے والی خاتون فائزہ زوجہ خلیل احمد کے قتل میں پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب کارروائی کرکے مقتولہ کے دیور شکیل احمد کو گرفتار کرلیا۔ ملزم سے آلہ قتل برآمد ہوا۔ایس ایچ او حسیب اللہ قریشی نے بتایا کہ ملزم شکیل نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے 3سال قبل اپنی بیوی کو طلاق دینے کے بعد اپنی بھابھی کو ڈرا دھمکا کر ناجائز تعلقات قائم کیے تھے۔وہ اکثر اپنی بھابھی سے کہتا تھا کہ میری شادی اپنی بہن سے کروا دو، لیکن وہ ہمیشہ انکار کرتی تھی، جس پر ان دونوں کے درمیان جھگڑے بھی ہوتے تھے۔ اتوار کو فائزہ کا شوہر خلیل احمد گھر سے باہر گیا ہوا تھا کہ ملزم شکیل اپنی بھابھی کے کمرے میں گیا اور کہا کہ تم میری شادی اپنی بہن سے کیوں نہیں کروانا چاہتی، جس پر فائزہ نے کہا کہ تمہارے میرے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔میں نہیں چاہتی کہ تم میری بہن سے شادی کرو، جس پر ملزم شکیل غصہ میں آگیا اور اس نے کچن میں رکھی چھری اٹھاکر اپنی بھابھی کو ذبح کیا اور فرار ہوگیا۔