تزئین و آرائش کے بعد پریس کلب کی تاریخی عمارت انتظامیہ کے حوالے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کی 128 سال پرانی تاریخی عمارت کو اصل شکل میں بحالی کا کام مکمل ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمارت کی بحالی کا بیڑہ انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ (ای ایف ٹی)نے اٹھایاتھا ، جولائی 2014میں کام شروع ہوا تھا ، ساڑھے 4سال کے عرصے میں مکمل ہوا ہے ، ۔اس حوالے سے پیر کے روز کراچی پریس کلب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ای ایف ٹی کے عہدیداران چیئرمین جہانگیر صدیقی، وائس چیئرمین مظہر الحق صدیقی ،منیجنگ ٹرسٹی انڈوومنٹ فنڈ حمید ہارون ، سیکریٹری عبدالحمید اخوند ، شمس الحق ، پروجیکٹ ڈائریکٹر موہن لال، پریس کلب کے صدر احمد ملک ، سیکریٹری مقصود یوسفی سمیت سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرجہانگیر صدیقی نے کہا کہ حکومت سندھ نے تاریخی عمارت کو اصل شکل میں بحال کرنے کے لئے فنڈ مقرر کیا گیا ہے،کراچی پریس کلب کی عمارت بھی اصل شکل میں بحال کردی گئی ہے ، اب مزید فنڈ ریزنگ کے اقدامات کرسکتے ہیں تاکہ عمارت کی خوبصورتی کو برقرار رکھا جاسکے۔ حمید ہارون نے کہا کہ پریس کلب کی عمارت کی تزئین و آرائش کے بعد تاریخی عمارت کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ، عمارت کا ایک ایک پتھر تبدیل کیا گیا ہے۔یہ مشکل کام تھا جو بہت جلد مکمل کیا گیا ہے۔ صدر کراچی پریس کلب احمد ملک اور سیکرٹری مقصود یوسفی نے ای ایف ٹی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر کراچی پریس کلب کی انتظامیہ نےچیئرمین جہانگیرصدیقی،منیجنگ ٹرسٹی انڈوومنٹ فنڈحمید ہارون، سیکریٹری عبدالحمید اخوند ، پروجیکٹ ڈائریکٹر موہن لال ، کراچی پریس کلب کی پرزویشن کمیٹی کے سیکریٹری ارشاد کھوکھر کو شیلڈاور اجرک پیش کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment