متحدہ یوسی چیئرمینوں نے لائنزایریا کے پارک کھنڈر بنادیئے

کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف) بلدیہ شرقی کی نااہلی سے لائنزایریا کے لاکھوں مکین پارکس سے محروم ہوگئے ۔یوسی 9اور 10میں درجن سے زائد پارکس کھنڈرات میں تبدیل ہوچکے ہیں ۔پارکوں کی دیکھ بھال اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لئےجاری ہونے والا فنڈ متحدہ یوسی چیئرمینز اور کارکنان مل کر ہڑپ کرلیتے ہیں ۔ مصطفیٰ کمال کے دور نظامت میں بنائے جانے والے ان پارکس میں کہیں کچراکنڈی ، کہیں غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ تو کہیں جوئے کا اڈا بن گیا ہے ،جبکہ رات کے اوقات میں منشیات کے عادی افراد بھی اپنا ڈیرہ جمائے ہوتے ہیں۔یوسی 9جٹ لائن میں شاہ ہوٹل پارک مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے ،مذکورہ پارک میں علاقے کے افراد نے جانور باندھ رکھے ہیں ۔مانجا پارک میں غیر قانونی پارکنگ ایریا قائم کردیا گیا ہے۔سبز پارک میں پتھارے کھڑے کردیئے گئے ،ثاقب شہید پارک کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ یوسی کا چیئر مین آصف عزیز ہے جو ترقیاتی کاموں کے بجائے غیر قانونی قبضے میں مصروف رہتا ہے،یوسی 10میں فاطمہ جناح پارک کے مرکزی گیٹ پر کچرے کا ڈھیر لگا ہوا ہے ۔عوام اپنی مدد آپ کے تحت صفائی ستھرائی کے کام کرواکر پارک کی رونق بحال رکھتے ہیں،بشارت پارک ،تھانوی پارک سمیت دیگر پارکس بھی تباہ ہوچکے ہیں ۔مذکورہ پارکوں میں ہریالی مکمل طور پر ختم ہوگئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ یوسی کا چیئر مین مرسلین ہے ۔جو علاقے میں کسی قسم کے ترقیاتی کام نہیں کرواتا ،مذکورہ پارکس کے حوالے سے علاقہ مکینوں نے یوسی چیئر مینوں کو کئی بار درخواستیں جمع کروائی ہیں ،جس میں لکھا گیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث لائنزایریا کے عوام پارکس سے محروم ہوگئے ہیں ۔اس ضمن میں لائنزایریا یوسی 10کے چیئرمین مرسلین کا کہنا ہے کہ ڈی ایم سی ایسٹ کو متعدد بار شکایت درج کروائی ہے ،لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ لائنزایریا میں بشارت پارک کی دیکھ بھال کا کام شروع کردی ہے ،جلد ہی دیگر پارکوں کی نگرانی کا کام بھی شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پارکس کے فنڈ کا مجھے کوئی علم نہیں تاہم فنڈ جاری ضرور جاری ہوتا ہے ،لیکن یہ ہم تک نہیں پہنچتا ۔انہوں نے کہاپارکوں کے فنڈز کے حوالے سے ڈی ایم سی ایسٹ کے ذمہ دار اقبال شیخ سے معلوم کریں وہ بہتر بتائیں گئے کہ پارکس کا فنڈ کہاں گیا۔ اس حوالے سے اقبال شیخ سے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment