لیگی کارکنوں -پولیس میں تصادم-پتھرائو اور آنسو گیس کی شیلنگ

اسلام آباد ( رپورٹنگ ٹیم)اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر موجود مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا ۔ پولیس کی جانب سے آنسو گیس شیلنگ کی گئی۔ مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور ایف سی کے جوانوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔ تصادم اس وقت ہوا جب نواز شریف کی گاڑی احتساب عدالت پہنچے ۔ کارکنان کی بڑی تعداد نوازشریف کے قافلے کے ساتھ احتساب عدالت کی طرف آئی تو پولیس کی بھاری نفری نے انہیں روکنے کی کوشش کی ، جس پر ہاتھا پائی ہوگئی۔ پولیس نے (ن) لیگ کے کارکنان کو پیچھے دھکیلنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کردی اور ہلکا لاٹھی چارج بھی کیا ، جس سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ کارکنوں اور پولیس نے ایک دوسرے پر پتھرائوبھی کیا۔ آنسو گیس کے باعث متعدد کارکنوں بالخصوص خواتین کی طبیعت خراب ہوگئی۔نواز شریف کی گاڑی عدالت پہنچی توان کے ساتھ آنے والی سیکورٹی اور دیگر رہنماؤں کی گاڑیوں کو عدالت کے قریب روک لیا گیا ۔ صرف نواز شریف کی گاڑی کو جانے دیا گیا۔ فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے جی الیون ایکسپریس ہائی وے پر کارکنوں نے دھرنا دیا اور سٹرک کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔ کارکنوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی اورفیصلے کو نا منظور کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن ثابت نہ ہونا ہی ان کی جیت ہے ۔نیب نے کالے قانون کے تحت فیصلہ دیا ہے ۔ن لیگ کے کارکنان اسے مسترد کرتے ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment