اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے کسی قسم کا خوف نہیں، ضمیر مطمئن ہے اور کوئی غلط کام نہیں کیا جس پر سرجھکانا پڑے۔ہم تو پتھر کے لوگ ہیں یہ دکھ سہہ لیں گے۔احتساب عدالت میں پیشی سے قبل لیگی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایمانداری سے ملک اور عوام کی خدمت کی، کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال بھی نہیں کیا، اللہ سے پوری امید ہے کہ انصاف ملے گا۔نواز شریف نے کہا کہ کیس میں کچھ نہیں اس لیے زیادہ زیادتی کر بھی نہیں سکتے، ایک بار پھر پاکستان کو پٹری سے اتار دیا گیا ہے، موجودہ حکومت نے عوامی ترقی کے سفر کو سبوتاژ کردیا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف سے احتجاج کی حکمت عملی کے بارے میں پوچھتے رہے جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے احتساب عدالت کا فیصلہ مخالفت میں آنے کی صورت میں احتجاج کا معاملہ پارٹی پر چھوڑ دیا۔
٭٭٭٭٭