جامعہ اردو کے 80 طلبہ4برس سے شعبہ تبدیلی کے منتظر

کراچی (رپورٹ:عظمت علی رحمانی )جامعہ اردو کے 80 طلبہ4برس سے شعبہ تبدیلی کے منتظر ہیں ۔2014میں ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے والے طلبہ کی پی ایچ ڈی میں تبدیلی کی منظوری نہ ہو سکی ۔امت کو حاصل دستاو یزات کے مطابق جامعہ اردو انتظامیہ نے ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی کے 70سے 80طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے ۔2014میں عبدالحق کیمپس کے شعبہ اسلامیات کے تحت دیگر شعبوں میں 70سے 80طلبہ و طالبات نے ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا تھا جس کے بعد انہوں نے ایم فل کے دو سال مکمل کرنے سے قبل ہی جی آر ایم سی کو درخواست دی تھی کہ ان کا داخلہ پی ایچ ڈی میں تبدیل کیا جائے4برس گذرنے اور3سے4برس تک سالانہ دو دو سمسٹرز کی فیسیں ادا کرنے کے باوجود مذکورہ طلباکو کورجن لیٹر نہیں ملے اور جامعہ انتظامیہ کی غفلت سے ان کے 4برس ضائع ہو گئے ۔ واضح رہے کہ جی آر ایم سی میں طلبہ و طالبات نے درخواستیں دی تھیں ،جس کے بعد عبدالحق کیمپس کے تمام ڈینز پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی تھی ،جس نے ان داخلوں کے حوالے سے رپورٹ فائل کرنا تھی ،جس کے بعد جی آر ایم سی نے منظوری دینی تھی لیکن تاحال رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی ۔ واضح رہے جامعہ میں 2017سےقبل دو طرح کے داخلے ایم فل میں ہوتے تھے ایک میں ایک سالہ کورس ورک و تھیسز کے بعد ایم فل کی ڈگری دی جاتی تھی ، جبکہ دوسرا طریقہ کار کے تحت ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی میں داخلے کےبعد ایک سالہ کورس ورک ،دوسرے سا ل تھیسز شروع کرنے کے بعدطلبہ و طالبات کی ایک درخواست شعبہ کی توسط سے جامعہ کے جی آر ایم سی کو بھیجی جاتی ،جس میں کہا جاتا ہے کہ ان کا ایک مرحلہ مکمل ہو گیا لہذااس کا داخلہ پی ایچ ڈی میں تبدیل کیا جائے ،جہاں سے ان داخلوں کوانہی موضوعات کے ساتھ پی ایچ ڈی میں تبدیل کرکے شعبہ کو بھیج د یا جاتا تھا ،جس کے بعد طلبہ کو لیٹر کے ذریعے آگاہ کیاجاتا ہے اب وہ پی ایچ ڈی کے دو سمسٹر کرنے کےبعد اپنا مقالہ جمع کراسکتے ہیں ،تاہم منظوری میں تاخیر پر طلبہ و طالبات کو ہر سمسٹر کی فیس بھی ادا کرنا ہو گی ۔ واضح رہے کہ ایم فل کا مقالہ مختصر اور ایم فل لیڈنگ کا مقالہ طویل ہوتا ہےجس پر پی ایچ ڈی کی ڈگری ایوارڈ کی جاتی ہے ۔ اس حوالے سے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے فون ریسیو نہیں کیا تاہم ان کا موقف معلوم ہونے پر شائع کردیا جائے گا ۔

Comments (0)
Add Comment