کراچی (اسٹاف رپورٹر ) نجی شعبے کی شراکت سے پہلی کارگو ٹرین 12 سو ٹن سامان لیکر لاہور روانہ ہوگئی۔ گورنر سندھ اور وزیر ریلوے نے کینٹ اسٹیشن پر فریٹ ٹرین کا افتتاح کیا۔ پریم نگر ڈرائی پورٹ کیلئے روزانہ ساڑھے 12 بجے ایک ٹرین چلے گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ تاجر برادری کیلئے آج بڑی خوشی کا دن ہے۔ ڈور ٹو ڈور ٹرین چلانے کیلئے وژن ہونا چاہیئے۔ شیخ رشید کے آنے سے ریلوے میں بہتری آئی ہے، جو کام آج ہوا ہے وہ کئی برس قبل ہونا چاہیے تھا، آئندہ دنوں میں عوام کو بہت سی خوشخبریاں ملیں گی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 14سال پہلے جہاں ریلوے کو چھوڑ کرگیا تھا، تمام چیزیں ویسی ہی ملیں، فریٹ کی آمدن 18ارب روپے ہے، دھابیجی ایکسپریس ناکام ہوئی تو اسے میرپورخاص تک کردیا، سرکلر ریلوے بھی سی پیک کا حصہ بن چکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سے پشاور نئی ٹریک کیلئے چین سے بات چل رہی ہے، پرانے ٹریک کو دوسری لائنوں پر لے جائیں گے۔ چیف جسٹس بھی ٹرین سے سفر کریں گے، ان کیلئے ٹرین پر جھنڈیاں لگاوٴں گا۔ چیف جسٹس نے ہمارے کیس کورٹ میں لگا دیئے ہیں، ہم ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 15ٹرینوں کا وعدہ کیا تھا، آج اسے بڑھا کر 24کرنے کا اعلان کرتا ہوں، ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار شریفوں اور زرداری کے قرضے ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اصل پیرپگارا فوت ہوچکے ہیں، باقی سب ایسے ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میری مارکیٹ میں اچھی سیلفیاں نہیں آرہیں، انکل انکل بول کر سیلفی بنواتی ہیں بعد میں کچھ اور بن جاتا ہے۔