ان ہائوس تبدیلی کیلئے جدوجہد کا لیگی اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر ان ہاؤس تبدیلی کے لیے جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔لیگی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ملک میں سلیکٹڈ احتساب کررہے ہیں ۔ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سخت احتجاج کریں گے ۔بلا امتیاز احتساب ہو، تو عمران خان کی آدھی کابینہ جیل چلی جائے۔اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں احسن اقبال ، مشاہد حسین سید، سینیٹر مشاہد اللہ، محمد زبیر، مریم اورنگزیب اور رانا ثنا اللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ملک میں سلیکٹڈ احتساب کررہے ہیں۔ اس پر ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سخت احتجاج کریں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف نیب کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔125دن کے اندر حکومت کے میگا کرپشن اسکینڈل سامنے آئے ہیں۔ڈالر کی قیمت میں ایک رات میں اربوں روپے کس کس نے بنائے ۔ اس کی تحقیقات کی جائے۔پاکستان میں مہنگا فرنس آئل لایا گیا۔گیس کی قلت پیدا کی گئی۔اس کا کون ذمہ دارہے۔سابق گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا کہ ریاست مدینہ کی مثال کے لیے پہلے اپنے کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالیں۔علیم خان، علیمہ خان یا جہانگیر ترین ہوں سب سے پوچھیں پیسے ملک سے باہر کیسے بھیجے۔رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرنا ہمارا حق ہے ۔عدالت نے فیصلہ کیا ہے اور انصاف بھی عدالت سے ہی ملے گا۔ سینیٹرمشاہد اللہ خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کرپشن کے حق میں ہے ۔خیبر پختون میں احتساب کمیشن ہی ختم کردیا گیا۔ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سخت اختجاج کریں گے۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان ہٹلر ہیں۔ہٹلر کے وقت بھی ملک کے لیے اٹھنے والی تمام آوازوں کو بند کیا گیا آج بھی یہی ہورہا ہے ۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھی اظہار خیال کیا۔

Comments (0)
Add Comment