کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس کی جانب سے کرسمس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔گرجا گھروں کے باہرکمانڈوز تعینات کیے گئے، جب کہ آئی جی و دیگر افسران نے چرچوں کا دورہ کیا، جب کہ رینجرز کی جانب سے سینٹ جارج چرچ کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا گیا۔کرسمس پر ملک کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے صدر میں واقع سینٹ پیٹرک چرچ کا خصوصی دورہ کیا اور بشپ جوزف و دیگر رہنمائوں سے ملاقات کی۔انہوں نے سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ضلع وسطی اور ملیر میں گرجا گھروں کے اطراف پولیس کمانڈوز تعینات کیے گئے، جن کے ساتھ خواتین اہلکاروں نے بھی ڈیوٹیاں انجام دی۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے ایس ایچ او شریف آباد امجد کیانی کے ہمراہ گرجا گھروں کا دورہ کیا اور مسیحی برادری میں کیک بھی تقسیم کئے۔ضلع ملیر کے داخلی اور خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ اور پولیس پیٹرولنگ کی گئی۔رینجرز کی جانب سے کرسمس کی مناسبت سے کیماڑی میں واقع سینٹ جارج چرچ کی تزئین و آرائش کا کام کیا گیا۔چرچ کے بیرونی راستے کی مکمل صفائی کی گئی۔اندرونی اور بیرونی حصوں میں رنگ و روغن اور بجلی کی وائرنگ کے ساتھ ساتھ چرچ سے متصل باغ میں پھول اور پودے بھی لگائے گئے۔کرسچن کمیونٹی نے رینجرز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سیکورٹی اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔