دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے شام اور افغانستان سے اپنی افواج نکالنے کے اعلان سے ظاہر ہوا تھا کہ دونوں ممالک میں ایک بڑی تبدیلی آنے والی ہے لیکن اب بدنام زمانہ تنظیم بلیک واٹر کی طرف سے ایسا اقدام سامنے آ گیا ہے کہ یہ تبدیلی تباہ کن تبدیلی میں بدلنے کے امکانات واضح ہو گئے ہیں۔ملٹری ٹائمز کے مطابق صدر ٹرمپ کی طرف سے شام اور افغانستان سے افواج نکالنے کے اعلان کے بعد بلیک واٹر نے امریکی میگزین ’ریکوائیل‘ (Recoil)میں پورے صفحے کا ایک اشتہار دیا ہے۔ اس اشتہار میں پورا صفحہ خالی ہے اور بالکل سیاہ ہے۔ اس کے بالکل نیچے بلیک واٹر کا ’لوگو‘ ہے اور درمیان میں سفید جلی حروف میں صرف ایک فقرہ لکھا ہے ”ہم آ رہے ہیں۔“گویا امریکی افواج کے افغانستان یاشام سے نکلنے کے بعد بلیک واٹر وہاں جا رہی ہیں۔این بی سی سے وابستہ صحافی رچرڈ اینجل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تین روز قبل ایک ٹویٹ میں لکھا تھاکہ ”میری شام کے ایک پروفیسر سے بات ہوئی ہے جس کے کرد لیڈرشپ کے ساتھ گہرے روابط ہیں۔ ”کرد لیڈرشپ کو صدر ٹرمپ کے اس اعلان سے بہت تکلیف پہنچی ہے۔ وہ بہت غصے میں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے ان سے بے وفائی کی ہے۔ انہیں یہ خدشہ بھی لاحق ہے کہ اب بہت جلد وہ سب مارے جائیں گے۔“ رچرڈ اینجل کی اس ٹویٹ کے جواب میں کاٹیا (Katya)نامی ایک خاتون صارف نے ریکوائیل میگزین پر بلیک واٹر کے اشتہار پر مبنی خبر کا لنک شیئر کیا۔ گویا امریکی افواج کے شام یا افغانستان سے نکلنے کے بعد بلیک واٹر وہاں جا رہی ہیں جس سے شام کی جنگ کے ایک نیا رخ مڑنے کا امکان پیدا ہوگیاہے۔