کراچی( امت نیوز)وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ مضحکہ خیز ہے جے آئی ٹی منی لانڈرنگ سے لانڈرنگ اور گھوڑوں سے کتوں پر آگئی ۔ عدلیہ کا ہر فیصلہ قبول ہوگا سپریم کورٹ جے آئی ٹی رپورٹ قبل از وقت افشا ہونے کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے ۔گذشتہ روز گورنرسندھ اور وزرا کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال ماضی کی نسبت بہتر ہے تاہم حالیہ واقعات افسوسناک ہیں ان کی تہہ تک جائیں گے۔ سیکورٹی فورسز تاحال شہر سے اسلحہ کے ذخیرے برآمد کررہی ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کرپشن پر ایک جے آئی ٹی بنی جس کی رپورٹ میں کئی چیزیں مضحکہ خیز ہیں ہم گھبرانے والے نہیں رپورٹ کا عدالت میں سامنا کریں گے۔دریں اثنا مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب نے شیخ رشید کو سیاسی خانہ بدوش قرار دیتے دیا ہوئے کہا کہ وہ سیاسی لانڈری کا میل ہیں جس کا مقدر نالہ لئی میں گرنا ہے انہوں نے کہا کہ شیخ رشید ریلوے کی وزارت لینے کیلئے عمران خان کے درباری بن گئے ۔انہوں نےکہا کہ زبان کے چْسکے لے کر باتوں کو گھمانا آسان ہے مگر علیمہ خان کے جرم کو چھپانا آسان نہیں۔ انہوں کہا کہ علی ترین نے ایک ارب روپے کی پی ایس ایل ٹیم خرید ی بلاول بھٹو کے لنچ بل پر جے آئی ٹی بن گئی ۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری نے ایک دہائی جیل میں گزاری ہے ۔ہم اتنا صبر کریں گے کہ ظلم ہارجائے گا۔