لاہور( امت نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا گیا۔ نوازشریف کو قیدی نمبر بھی الاٹ کردیا گیا ہے، نواز شریف کو جیل میں پاکستان جیل خانہ جات قوانین 1978کے رول 242کے تحت سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ دیگر قیدیوں کی طرح نواز شریف سے بھی ان کے اہل خانہ اور دوست احباب ہفتے میں ایک بار ملاقات کر سکیں گے۔اس حوالے سے سیکریٹری داخلہ پنجاب فضیل اصغر کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں نوازشریف کو بی کلاس کمرہ دیا گیا ہے۔ نوازشریف اور شہباز شریف ایک ہی کمپاؤنڈ میں الگ الگ کمروں میں ہونگے۔ نواز شریف کے کمرے میں ٹیلی وژن، بستر، کمبل، ہیٹر، کرسی اور میزرکھوادی گئی ہے،اس کے علاوہ انہیں ایک مشقتی رکھنے اور گھر سے کھانا منگوانے کی سہولت میسر ہوگی۔اس سے قبل العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا گیا ، نواز شریف کو سخت سیکیورٹی میں بے نظیر ائیرپورٹ پہنچایا گیا جہاں سے خصوصی طیارے کے ذریعے انہیں لاہور روانہ کیا گیا۔