اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی میں سابق رکن قومی اسمبلی اور ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی کی ہلاکت پر سیاسی اور اہم شخصیات کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے بھی علی رضا عابدی کے قتل پر گہر ے رنج کا اظہار کیا ہے ۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علی رضا عابدی کے ساتھ ان کا ذاتی تعلق تھا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس خبر سے گہرا صدمہ پہنچا ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عابدی کے قاتلوں کو پکڑیں۔مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کے پےدرپے قتل سے امن کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو سیکورٹی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل کے بعد کوئی سیاسی رہنما اور کارکن محفوظ نہیں رہا۔ پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ دہشتگرد شہر کا امن تباہ کرنا چاہ رہے ہیں۔ دہشتگردی کی حالیہ لہر پر تشویش ہے۔ تحریک انصاف رہنماؤں حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان اور راجہ اظہر نے بھی علی رضا عابدی کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تشویشناک ہیں، سندھ حکومت خواب غفلت سے جاگ جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سید کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کا قتل گھناؤنی سازش ہے۔