علامہ خادم رضوی سمیت تمام اسیروں کی رہائی کیلئے تحریک کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک لبیک سندھ کے امیر مفتی غلام غوث شاہ بغدادی نے علامہ خادم حسین رضوی سمیت تمام اسیران ناموس رسالت کی رہائی کیلئے احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں کل بروز جمعہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ وہ پریس کلب میں تحریک لبیک کے ارکان سندھ اسمبلی مفتی محمد قاسم فخری، محمد یونس سومرو اور کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحریک لبیک کے مرکزی قائدین علامہ خادم حسین رضوی، پیر محمد افضل قادری، صوبائی، ضلعی، عہدیداروں سمیت ملک بھر کی جیلوں میں ہزاروں کارکنوں اور ہمدردوں کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔ مارشل لا دور میں ایسی گرفتاریاں نہیں ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ بنانے کا دعویٰ کرنے والی حکومت کی جانب سے ناموس رسالت کیلئے آواز اٹھانے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ ناموس رسالت پر حکومت سے کوئی سودے بازی کسی قیمت پر نہیں ہوگی۔

Comments (0)
Add Comment