ملیربار کے نائب صدر کی گرفتاری کیخلاف وکلا کا قومی شاہراہ پر احتجاج

کراچی (رپورٹ:سیدعلی حسن) ملیربارایسوسی ایشن کے نو منتخب نائب صدر سکندر علی شر کے خلاف ڈکیتی اور شراب نوشی سے متعلق 2 مقدمات درج ہونے اورگرفتار کئے جانے پر وکلا کی جانب سے نیشنل ہائی وے پر احتجاج کیا گیا ،مجسٹریٹ نے شاہ لطیف تھانے میں چھاپہ مار کر وکیل کو بازیاب کرایا ، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وکیل سکندر علی شر قبضہ مافیا کا سرغنہ راجا آصف کا ساتھی ہے اور دونوں زمینوں کے قبضے میں ملوث رہے ہیں ۔ملیر بار نے پولیس کی جانب سے مقدمات درج کرنے پر جمعہ کو مکمل طور پر عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وکیل سکندر علی شر قبضہ مافیا کا سرغنہ راجا آصف کا ساتھی ہے اور دونوں زمینوں کے قبضے میں ملوث رہے ہیں ۔ دوسری جانب ملیر بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ شاہ لطیف کے ایس ایچ او کو معطل کیا جائے ۔اس حوالے سے ملیر بار کے نومنتخب نائب صدر سکندر علی شر سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ میرا کسی لینڈ گریبر سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی میں کسی راجا آصف کو جانتا ہوں ، در اصل ہم نے ایس ایچ او شاہ لطیف نیک محمد کھوسو کی شکایت ایس ایس پی کو کی تھی اور اس کے علاوہ ایک درخواست زمین پر قبضے سے متعلق عدالت میں بھی جمع کرائی تھی۔ ایس ایچ او نے بدلہ لینے کے لئے مجھے 25دسمبر کی رات کو میرے گھر سے حراست میں لیا اور مجھ پر ڈکیتی اور شراب نوشی کے جھوٹے مقدمات درج کئے گئے۔پھرجوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے تھانے پر چھاپہ مارا اور مجھے بازیاب کرواکر اپنے ساتھ ملیر کورٹ لیکر گئے جہاں ایس ایچ او کو بھی طلب کیا مگر وہ پیش نہیں ہوا ، بعد ازاں میری دونوں مقدمات میں ضمانت کرائی گئی ہے۔ سکندر علی شر کا مزید کہنا تھا کہ ایس ایچ او نے ذاتی رنجش پر جھوٹے مقدمات درج کئے ہیں جبکہ مدعی مقدمہ بھی ایس ایچ او کا ہی آدمی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ مذکورہ ایس ایچ او معطل کیا جائے۔ دوسری جانب تھانہ شاہ لطیف کے ایس ایچ او نیک محمد کھوسو نے بتایا کہ شاہ لطیف میں بدنام زمانہ قبضہ مافیا کا سرغنہ راجہ آصف جس کے خلاف ملیر کے تھانوں میں قبضے سمیت دیگر جرائم کے 25مقدمات درج ہیں ، وکیل سکندر علی اس کا دست راست ہے ، دونوں کے خلاف مدعی مقدمہ گلزار جسکانی نے زمین پر قبضے کا مقدمہ درج کرایا تھا جس پر پولیس نے راجا آصف کو گرفتارکیا تو اس کا دوست سکندر علی شر ایڈووکیٹ دیگر وکلا کے ساتھ اسے چھڑوانے کے لئے تھانے پہنچا جو نشے میں دھت تھا جس پر مذکورہ وکیل کو گرفتار کیا گیا اور اس کے خلاف شراب نوشی کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔ نیک محمد کھوسو نے مزید بتایا کہ راجا آصف کے قبضے سے 5فائلیں بھی برآمد کی گئی ہیں اور اس نے زمینوں کے قبضے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment