اورنگی میں کھانسی کا جعلی سیرپ بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

کراچی (رپورٹ: صفدربٹ) محکمہ صحت سندھ کی ہدایت پر ڈرگ ایڈمنسٹریشن سندھ کی اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کے دوران اور نگی ٹاؤن کے علاقے میں کھانسی کا جعلی سیرپ بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی ۔ ضبط کی جانے والی ہزاروں کی تعداد میں کھانسی کے سیرپ کو اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں فروخت کیلئے بھجوایا جانا تھا ۔ ڈرگ انسپکٹرز کی ٹیم نے ناظم آباد کے علاقے میں سنیاسی بابا کے مطب پر چھاپہ مارکر بڑی تعداد میں ممنوعہ ادویات برآمد کر لیں۔ چھاپوں کے دوران ضبط کئے جانے والے مشتبہ سیرپ و ادویہ کے نمونوں کو جانچ کیلئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھجوا دیاگیاہے۔ بدھ کو چیف ڈرگ انسپکٹر سید عدنان رضوی کی سربراہی میں سینئر ڈرگ انسپکٹر طاہر خانزادہ سمیت دیگر نے اسسٹنٹ کمشنر مختار ابڑو اور کنزیومر رائٹس کونسل کے شکیل بیگ کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن ساڑھے گیارہ نمبر کے علاقے میں گھر میں قائم فیکٹری پر چھاپہ ماراتو کولر کے ذریعے کھانسی کا مشتبہ سیرپ بوتلوں میں بھرا جا رہا تھا ، جبکہ سیرپ کی تیار کردہ ہزاروں کی تعداد میں پیک کی گئی سیرپ کی بوتلیں موجود تھیں ، جنہیں مشترکہ ٹیم نے قبضے میں لے لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ سیرپ تیار کرنے والے کارخانے کا مالک محمد علی حبیب کچھی گلی میں فروخت ہونے والے مختلف ادویہ ساز اداروں کے کمپاؤنڈ پیک خرید کر لاتا اور آرڈر کے مطابق سیرپ کی چھوٹی بوتلوں میں تبدیل کر کے انہیں سپلائی کیا کرتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف ادویہ ساز کمپنیاں ڈسپنسریوں و کلینکس کے استعمال کیلئے سیرپ کے ساڑھے چار سو ملی لیٹر کے بلک پیک بناتی ہیں جنہیں کمپاؤنڈ پیک کہا جاتا ہے تاہم اس پیکنگ کو تقسیم کر کے بوتل میں دوبارہ بھر کر فروخت کیلئے نئی اور چھوٹی پیکنگ میں تیار کرنا ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ چھاپہ مار ٹیم نے ہزاروں کی تعداد میں ضبط کی جانے والی کھانسی کے مشتبہ سیرپ کی بوتلیں قبضے میں لے کر سیمپلز کو جانچ کیلئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھجوا دیئے ہیں ۔ ڈرگ انسپکٹروں کی ٹیم نے ناظم آباد کے علاقے میں ایس ایچ او حسن حیدر کے ہمراہ سنیا سی بابا عبدالسبحان کے مطب پر کارروائی کر کے بڑی تعداد میں ممنوعہ ادویات اور معجون قبضے میں لے کر سیمپلز کو جانچ کیلئے لیبارٹری بھجوادی ہیں ۔ سنیاسی بابا ہربل ادویات کی آڑ میں اسٹیرائڈ ملی مشتبہ ادویات تیار کر کے فروخت کیا کرتا تھا ۔ چیف ڈرگ انسپکٹر سید عدنان رضوی نے امت کو بتایا کہ آپریشن کے دوران ضبط کی جانے والی ادویات کے نمونوں کی رپورٹ موصول ہونے پر مزید کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات کے اندراج کی اجازت کیلئے کوالٹی کنٹرول بورڈ کو بھجوائے جائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment