بحری شعبے کی ترقی کیلئےاسٹیک ہولڈرزکو ساتھ لیکر چلیں گے-جمیل احمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے بحری امور اور رکن قومی اسمبلی جمیل احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور مستقبل کے چیلینجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں بحری قوم بننا ہوگا، ماضی میں شعبے کو نظر انداز کرنے کے سبب ملک میں بحری تحقیق و درست معلومات کا شدید فقدان ہے، حکومت شعبے کی ترقی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ ملکرمربوط حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔ وہ آئی پی ایس اور نیما کے اشتراک سے ’’میری ٹائم ونٹر اسکول‘‘ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ورکشاپ میں ملک بھر سے 20سے زائد ماہرین اور محقق شریک تھے۔ ورکشاپ میں شرکا نے اپنی تحقیقی کاوشوں سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا اور اگلے سال کیلئے اپنے اپنے شعبوں میں تحقیق کی منصوبہ بندی کی۔مہمان خصوصی نے ورکشاپ کے انعقاد پر تینوں اداروں کی کوششوں کو سراہا اور میری ٹائم سے معلق آگہی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ایڈمرل (ر) آصف ہمایوں، سربراہ آئی پی ایس خالد رحمان، ڈاکٹر محمد انور، رکن سندھ اسمبلی بلال عبدالغفار، ڈائریکٹر نیما کموڈور (ر) بابر بلال، ڈاکٹر نجم عباس، ڈاکٹر اظہر احمد، ڈاکٹر انیل سلمان اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔ ورکشاپ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے شرکا میں اسناد تقسیم کیں۔

Comments (0)
Add Comment